=جامعہ کراچی: سنڈیکیٹ کا اجلاس

ی* جامعہ کراچی میں دوایکڑ اراضی سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن کو مختص کرنے کی اصولی منظوری

ہفتہ 31 اگست 2024 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اگست2024ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت سنڈیکیٹ کااجلاس ہفتہ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سنڈیکیٹ کے اجلاس منعقدہ 12 جون 2024 ء کی روداد کی توثیق اور قراردادپر عملدرآمد کی رپورٹ کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں سلیکشن بورڈ کے اجلاس منعقدہ02 جولائی اور20 اگست 2024 ء کی رودادوں کی توثیق کی گئی۔

اجلاس میںشعبہ عمرانیات میںپروفیسرڈاکٹر ثوبیہ انیس شہزاد،شعبہ جغرافیہ میں پروفیسرڈاکٹر شمشاد اختر،شعبہ خردحیاتیات میں پروفیسرڈاکٹرسید عبدالسبحان ،شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن میں پروفیسرڈاکٹر صائمہ اختر،شعبہ کامرس میں زعیمہ اسرار محی الدین کی بطور صدورشعبہ جات جبکہ ڈاکٹر محمد اجمل خان انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن میں پروفیسرڈاکٹر عرفان عزیز کی بطور ڈائریکٹر تین سال کی مدت کے لئے تقرری کی منظوری دی گئی ۔

(جاری ہے)

انسٹی ٹیوٹ آف میرین سائنس میں بطور ڈائریکٹر ڈاکٹر نزہت افسر اور شعبہ تاریخ میں بطورصدرشعبہ پروفیسرڈاکٹر ایس ایم طحہٰ کی سنڈیکیٹ کی جانب سے نئے ڈائریکٹر اور صدرشعبہ کی تقرری تک منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے خطوط کی روشنی میں جامعہ کراچی میں دوایکٹرقطعہ اراضی سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن کو مختص کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیاکہ یہ زمین تجارتی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کی جاسکتی اور زمین جامعہ کراچی کی ہی ملکیت رہے گی اور تعمیر ہونے والی عمارت بھی معاہدہ ختم ہونے کی صورت میںجامعہ کراچی کی ملکیت رہے گی۔

انجینئر میمن عبدالجبار ممبرسنڈیکیٹ کی سربراہی میں ایک چاررکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں صاحبزادہ معظم قریشی،پروفیسرڈاکٹر صالحہ رحمن اورصوبائی حکومت کا ایک نمائندہ شامل ہیںجوسندھ ہائرایجوکیشن کمیشن کو قطعہ اراضی مختص کرنے کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کریں گے۔دوران اجلاس ایچ ای سی اسلام آباد جنسی ہراسانی کے خلاف تحفظ کی پالیسی 2024 ء (نظرثانی شدہ) کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ناظم مالیات کی جانب سے پیش کردہ سفارشات کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ،انہیں فائنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں پیش کرنے کے لئے کہا گیا تاکہ اس پر مزید پیش رفت ہوسکے۔اجلاس میں شعبہ فزکس کی رابعہ نجم اور عمیر اسحاق کی پیش کی جانے والی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں انہیں ملازمت سے برخاست کرنے کے ساتھ ساتھ ان سے ریکوری کرنے کی منظور ی دی گئی۔اجلاس میں ان فیئر مینز(UFM ) کی کمیٹی کی جانب سے پیش کی جانے والی سفارشات کی منظوری دی گئی جس میں ڈگری اور انرولمنٹ کی منسوخی بھی شامل ہے۔#

متعلقہ عنوان :