نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسن مجتبیٰ کا یوم شہادت 3ستمبر بروز منگل کو عقیدت واحترام سے منایا جائے گا

پیر 2 ستمبر 2024 21:41

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2024ء) نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسن مجتبیٰ کا یوم شہادت 3ستمبر بروز منگل بمطابق 28صفر کو عقیدت واحترام سے منایا جائے گا۔ملک بھر کی مساجد و امام بارگاہوں میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن میں علماء کرام ،خطیب حضرات و ذاکرین عظام نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسن کی سیرت و کردار اورفلسفہ شہادت پر روشنی ڈالیں گے،امام بارگاہوں میں مجالس عزاء بپا کی جائیں گی جبکہ بڑے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے اس موقع پر پولیس و انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

حضرت امام حسن مجتبیٰ 15 رمضان المبارک 3 ہجری کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے حضرت محمدؐنے ان کا نام حسن رکھا تھا آپ حضرت علی کرم اللہ وجہہ اور حضرت بی بی فاطمة الزھرا کے بڑے بیٹے ،سید الشہداء حضرت امام حسین کے بھائی ،حضرت محمد ؐ اور حضرت خدیجة الکبریٰ کے بڑے نواسے تھے آپ کا نام حسن، لقب‘مجتبیٰ’اور کنیت ابو محمد تھی۔ حضرت محمد ؐ کی مشہور حدیث کے مطابق آپ جنت کے نوجوانوں کے سردار ہیں۔ماہ صفر کی اٹھائیس تاریخ، سنہ 50ہجری کوحضرت امام حسن زہر کے زیر اثر اس دنیا سے رخصت ہوگئے آپ کی تدفین آپ کی والدہ جناب سیدہ فاطمہ الزھراء کی لحد کے نزدیک جنت البقیع میں کی گئی۔