بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث دریائوں میں طغیانی کا خطرہ ، متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا، ترجمان پی ڈی ایم اے

پیر 2 ستمبر 2024 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2024ء) پنجاب میں4 ستمبر تک بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث دریائوں میں طغیانی کا خطرہ ہے،ممکنہ شدید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ و محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں دریائے جہلم میں منگلہ اپ اسٹریم کے مقام پر پانی کے بہائو میں اضافہ کی وارننگ جاری کی گئی ہے،دریائے سندھ میں نچلے درجے کے سیلاب کا الرٹ بھی جاری کیا گیا جبکہ آج3 ستمبر تک دریائے راوی اور دریائے چناب سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے کمشنر گوجرانولہ،سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، راولپنڈی، گجرات اور ملتان ڈویژنز کو الرٹ جاری کیا گیا۔اسی طرح ڈپٹی کمشنرز بھکر، خوشاب، میانوالی ، لیہ، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، راجن پور، جہلم، گجرات، منڈی، بہاوالدین، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خانیوال کو بھی الرٹ جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ اربن فلڈنگ کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ الرٹ رہے،خاص طور پر بڑے شہروں میں شدید ممکنہ بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیش نظر فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو الرٹ رکھا جائے۔ریسکیو 1122 کی ڈایزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے،عوام کو موجودہ موسمی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔