Live Updates

ہمارے دوست تو کیا دشمن بھی نہیں چاہتے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرے، مفتاح اسماعیل

اسٹیٹ بینک فوری طور پر شرح سود میں کمی کرے،شرح سوداسوقت دنیابھرسب سے زیادہ ہے،شرح سود کم ہونے سے حکومتی خسارہ بھی کم ہوگا،سابق وزیرخزانہ

اتوار 8 ستمبر 2024 12:25

ہمارے دوست تو کیا دشمن بھی نہیں چاہتے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرے، مفتاح ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2024ء) عوام پاکستان پارٹی(اے پی پی)کے سینئررہمنااور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ہمارے دوست تو کیا دشمن بھی نہیں چاہتے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرے، ڈیفالٹ کے اثرات خطے پر بھی پڑیں گے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف کبھی نہیں چاہتا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے، پاکستان ڈیفالٹ کرے گا تو اس کے اثرات خطے پر بھی پڑیں گے، آئی ایم ایف پاکستان کی سیاست سمجھتا ہے، آئی ایم ایف کیخلاف بہت سے لوگ سیاسی بیانات دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار وزیرخزانہ تھے اس وقت بھی انھوں نے نیوکلیئر اثاثوں کی بات کی تھی، آئی ایم ایف کیوں نیوکلیئر اثاثوں کی بات کریگا اور اگر کریگا بھی تو وزیرخزانہ سے نہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اسحاق ڈار وزیرخزانہ ہوتے تو پھر ایسے بیانات سے مسائل پیدا ہوتے، اسحاق ڈار وزیرخزانہ نہیں ہیں اسی لیے ایسے بیانات سے فرق نہیں پڑیگا۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو پاکستان میں بھی قیمت بڑھتی ہے، پاکستان میں تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو مہنگائی خود بخود بڑھ جاتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں تو پاکستان میں بھی کچھ بہتری آئی ہے، تیل کی قیمتیں کم ہونے سے مہنگائی کی شرح بھی کم ہوئی ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مہنگائی کی شرح کم ہوئی مہنگائی اب بھی موجود ہے، اس وقت اسٹیٹ بینک کو چاہیے فوری طور پر شرح سود میں کمی کرے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں شرح سود دنیا میں سب سے زیادہ ہے، حکومت شرح سود کم کرلے گی تو حکومتی خسارہ بھی کم ہوگا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات