علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے امام وخطیب اور افتا کے سرٹیفکیٹ وڈپلومہ کورسز متعارف

پیر 9 ستمبر 2024 15:52

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے امام وخطیب اور افتا کے سرٹیفکیٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے معاشرے میں مسجد کے کردار کو فعال کرنے،آئمہ و خطباکی تربیت کے ذریعے منبر و محراب کے کردار کو موثر بنانے، انہیں دور حاضر کے چیلنجز اور ضروریات سے آگاہ کرنے کے لئے امام و خطیب اور افتاء کے سرٹیفکیٹ و ڈپلومہ کورسز متعارف کرکے پروگرامز میں داخلوں کا آغاز کر دیا ہے۔

تربیتی کورس آئمہ و خطباء اور سرٹیفکیٹ کورس افتاء پروگرامز کا دورانیہ 6 ماہ ہے جبکہ پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ افتاء پروگرام کا دورانیہ ایک سال ہے۔میٹرک مع امامت و خطابت کا سرٹیفکیٹ جو کسی بھی متعلقہ ادارے سے حاصل کیا گیا ہویا ایم اے علوم اسلامیہ/بی ایس علومہ اسلامیہ کی ڈگری کسی بھی یونیورسٹی سے ہو، تربیتی کورس آئمہ و خطباء میں داخلے کے اہل ہیں۔

(جاری ہے)

سرٹیفکیٹ کورس افتاء میں داخلے کی اہلیت میٹرک مع تخصیص (سپیشلائزیشن)افتاءیا شہادتہ لعالمیہ مع فرسٹ ڈویژن(کم ازکم جید جدا)مقرر کی گئی ہے۔ان کورسز میں داخلہ صرف آن لائن لیا جاسکتا ہے۔ان کورسز کی مکمل تفصیلات پراسپکٹس میں درج کی گئی ہیں۔داخلہ فارم و پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹwww.aiou.edu.pk پر دستیاب ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے مطابق امت کی اصلاح کے لئے منبر و محراب کے شعبے کو مضبوط کرنا ضروری ہے، اس لئے ان کورسز کو متعارف کرایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منبر و محراب کا صحیح استعمال اس وقت موثر ہے جب آئمہ و خطبہ کی بھرپور تربیت کی جائے، انہیں عصر حاضر کی دینی مشکلات اور ان کے تدارک سے آگاہ کیا جائے، اس لئے کلیہ عربی و علوم اسلامیہ نے اِن کورسز کو متعارف کیا ہے جس پر فیکلٹی مبارکباد کی مستحق ہے۔اللسان العربی، عربی بول چال، لغتہ القرآن، لائبریرین شپ، لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن، آرگینک کچن گارڈننگ، سپیشل ایجوکیشن، سماعت کی خرابی، فکری معذوی، بصری خرابی، جسمانی اور صحت کی خرابی کے سرٹیفکیٹ کورسز کے علاوہ اسلامی فنانس میں ڈپلومہ پروگرام کے داخلے بھی جاری ہیں۔تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk، علاقائی دفاتر یا یونیورسل نمبر 468-112-111-051 پر کال کرکے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :