عمان کے انٹری رولز میں نرمی، فری ٹورسٹ ویزہ کا اعلان

ویزہ جاری ہونے کے 30 دن کے اندر اندر خلیجی ملک میں داخل ہونا ضروری ہوگا

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 ستمبر 2024 10:52

عمان کے انٹری رولز میں نرمی، فری ٹورسٹ ویزہ کا اعلان
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2024ء ) خلیجی سلطنت عمان نے انٹری رولز میں نرمی کرتے ہوئے فری ٹورسٹ ویزہ کا اعلان کردیا، یہ فیصلہ پیر سے نافذ العمل ہوچکا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق عمان کے انسپکٹر جنرل آف پولیس اینڈ کسٹمز لیفٹیننٹ جنرل حسن بن محسن الشوریقی نے فیصلہ نمبر 132/2024 جاری کیا ہے جس میں کروز جہاز کے مسافروں اور عملے کے لیے غیر ملکیوں کے رہائشی قانون کے ایگزیکٹو ضابطوں میں ترمیم کے حصے کے طور پر نئی ویزہ کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں، نئے ویزوں کا مقصد عمان میں کروز شپ کے ذریعے آنے والے سیاحوں کے لیے آسان رسائی اور کروز ٹورازم سیکٹر کو سپورٹ کرنا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے 45 لاکھ کی آبادی والے ملک میں سیاحت بڑھ رہی ہے، جس میں بڑے پیمانے پر سیاحوں کی آمد متوقع ہے، ملک کے سیاحت کے شعبے کو سیاحوں کی کثیر تعداد میں امد کے باعث ترقی ملتی ہے، سیاحت کی صنعت کو مزید فروغ دینے کے لیے ملک نے ایک نئی پالیسی پیش کی ہے، نئے ضوابط میں دس روزہ اور ایک ماہ کے وزٹ ویزہ شامل ہیں، دونوں کو کروز بحری جہازوں کے ذریعے آنے والے سیاحوں کی آسان رسائی کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، دس دن کا ویزہ کروز شپ ایجنٹ کی درخواست پر دستیاب ہے جو مسافروں اور عملے کو دس دن تک عمان میں قیام کی اجازت دیتا ہے، بشرطیکہ ویزہ جاری ہونے کے 30 دنوں کے اندر خلیجی ملک میں داخہ یقینی بنایا جائے، یہ ویزہ مفت جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

مزید برآں، کروز شپ ایجنٹ کی درخواست پر ایک ماہ کا وزٹ ویزہ بھی دستیاب ہے، جس سے مسافروں اور عملے کو ایک ماہ تک عمان میں رہنے کی اجازت ملتی ہے، دس دن کے ویزہ کی طرح اس کیٹیگری میں بھی ویزہ جاری ہونے کے 30 دن کے اندر اندر عمان میں داخل ہونا ضروری ہے، ویزہ پالیسی کی اس تبدیلی کو زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو عمان کی طرف راغب کرنے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے، نئے ضوابط میں غیر ملکیوں کے رہائشی قانون کے ایگزیکٹو ریگولیشنز میں یہ ترامیم شامل کی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :