Live Updates

ہمیں وطن کی سلامتی ، وحدت اور اس کی یکجہتی عزیز ہے، پارلیمنٹ کو سپریم بنانا ہوگا، مولانا فضل الرحمٰن

جمعرات 12 ستمبر 2024 20:23

ہمیں وطن کی سلامتی ، وحدت اور اس کی یکجہتی عزیز ہے،  پارلیمنٹ کو سپریم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2024ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو سپریم بنانا ہوگا، ہمیں وطن کی سلامتی ، وحدت اور اس کی یکجہتی عزیز ہے، یہ ہمارا گھر ہے، ہمیں اپنے گھر کی حفاظت کیلئے کردار ادا کرنا ، عدالتی اصلاحات کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل اور پارلیمنٹ کی کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے کہ یہ اصلاحات کیسے کرنی ہیں۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چند روز قبل ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تھا ،سپیکر نے اپنے ایوان کے ساتھیوں کے حوالے سے جو اقدام کیا ہے اس پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،ہر رکن اسمبلی کے ساتھ ایوان کا تقدس وابستہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی یہ عرض کر چکا ہوں کہ ہمیں کچھ وقت عوام کے لئے بھی دینا چاہئے ،میں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے امن و امان کے حوالے سے بات کی تھی ،شاید ملک کے پرامن اور پرسکون علاقوں میں وہاں پر موجود صورتحال کا صحیح ادراک نہیں کیا جا رہا،اللہ تعالیٰ اس ملک کو سلامت رکھے ،ہمیں اس وطن کی سلامتی ، وحدت اور اس کی یکجہتی عزیز ہے، یہ ہمارا گھر ہے اور اگر کوئی ہمارے گھر کو اجاڑنے کی کوشش کرے تو ضرور ہم نے اپنے گھر کی حفاظت کے لئے کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لکی مروت ،بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے دھرنا دے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایکسٹینشن سول بیوروکریسی میں ہو یا دیگر اداروں میں ہر جگہ غلط ہے۔ہمیں اصولوں کی پیروی کی طرف جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عدالت پر اعتماد بحال کرنے کے لئے اس کو طاقتور بنانا ہوگا،سپریم کورٹ میں 60 ہزار سے زیادہ مقدمات زیر التوا پڑے ہیں ،ان لوگوں کا کیا قصور ہے کہ جن کے مقدمات نسل در نسل چلتے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئینی معاملات طے کرنے کے لئے ایک الگ عدالت قائم ہونی چاہئے تاکہ عام آدمی کے مقدمات جلد از جلد طے ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو سپریم بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں اداروں پر تنقید نہیں کر رہا ،ان کی اصلاح کے لئے بات کر رہا ہوں ،وہ ہمارے سر آنکھوں پر ہیں،پارلیمنٹ لاجز اور پارلیمنٹ میں سپیکر کی اجازت کے بغیر پولیس کو جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اصلاحات کی طرف جانا چاہئے ، عدالتی اصلاحات کے لئے سپریم جوڈیشل کونسل اور پارلیمنٹ کی کمیٹی کا مشترکہ اجلاس ہو جس میں یہ فیصلہ کیا جائے کہ ہم نے اصلاحات کیسے کرنی ہیں۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات