گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے جاپان کے سفیر کی ملاقات

دوطرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال۔ سفیر نے شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا

جمعرات 12 ستمبر 2024 22:25

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے جاپان کے سفیر کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2024ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے جاپان کے سفیر Mitsuhiro Wadaنے گورنر ہائو س میں ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ جاپان کے سرمایہ کار صوبہ کے مختلف شعبوں کی استعداد سے بھرپو ر فائدہ اٹھائیں۔

صوبہ کی اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار ، محنتی ، نوجوان افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاروں کو ایس آئی ایف سی کے ذریعہ بھرپور تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان سے تجارت میں اضافہ کے خواہشمند ہیں۔ جاپان کے سفیر نے کہا کہ جاپان کے سرمایہ کار صوبہ کے مختلف شعبوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ گورنر اینیشیٹیو کے تحت جاری منصوبے لائق تحسین ہیں۔جاپان کے سفیر نے شجر کاری مہم کے تحت گورنرہائوس میں پودا لگایااورجاپانی سفیرنے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ جاپانی سرمایہ کاروں اور مقامی بزنس مین کے درمیان رابطے مزید مضبوط بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت سے جاپانی تاجر برادری کو مزید سہولیات دینے کی بات کروں گا۔