راوی شہر میں بننے والی سبزی منڈی کالا خطائی ایشیا کی بہترین منڈی ہوگی‘عاشق حسین کرمانی

جمعرات 12 ستمبر 2024 22:32

راوی شہر میں بننے والی سبزی منڈی کالا خطائی ایشیا کی بہترین منڈی ہوگی‘عاشق ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2024ء) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ راوی شہر میں بننے والی سبزی منڈی کالا خطائی ایشیا کی بہترین منڈی ہوگی،یہاں رسائی کیلئے کیا جانیوالا رابطہ نظام بھی اعلی معیار کی ایک مثال ہوگی، مزدور اور ٹھیلے والوں کی آسانی کیلئے میٹرو اور سپیڈوبس کاروٹ یہاں تک چلایا جائیگا،سبزی منڈی کے اس منصوبہ کا افتتاح جلد مریم نواز وزیر اعلی پنجاب کریں گی،مستقبل میں یہ سبزی منڈی خطہ کیلئے ایک ایکسپورٹ ہب ثابت ہوگی ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں کم یابی کا سبب بننے والی سبزیاں خصوصا ٹماٹر اور پیاز کی فارمنگ اور کولڈ سٹوریج ایسی ہو کہ یہ اشیا عام ادمی کو سستے داموں ہروقت دستیاب ہو سکیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک نے راوی اربن ڈیو یلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایگر یکلچر مارکیٹنگ ریگو لیٹر ی اتھارٹی کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ایم او یو پردستخط محکمہ زراعت سے طار ق بسراڈی جی پامرا اور روڈا کی جانب سے عمران امین سی ای او نے کئے ۔تقریب میں عمران امین سی ای او روڈا،برگیڈیئر منصور جنجوعہ سی او او، کاشف قریشی ای ڈی کمرشل، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، ڈی جی پامرا طارق بسرا ڈی جی ایگر یکلچر انفارمیشن نویدعصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔

اس موقع پر عمران امین چیف ایگزیکٹو آفیسر راوڈا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 300ایکٹر پر بننے والی سبز منڈی کو ہرطرف سے راستوں کی رسائی حاصل ہوگی جی ٹی روڈگوجرانوالہ اور سیالکوٹ لاہورموٹروے سے ٹرک،گاڑیاں براہ راست منڈی میں آ جاسکیں گی اس منڈی کو مکمل کرنے کا دورانیہ 18ماہ مقرر کیا جائیگا جبکہ یہاں پر بچھا یا جانیوالا انفرا سٹر کچر عالمی معیار کا ہوگا یہاں پر ہم سبزیوں اور پھلوں کی درآمد کیلئے ایکسپورٹ زون بنائیں گے جبکہ جدید کولڈ سٹوریج،ویئر ہاوسز، آڑھتی شاپ، پٹرول پمپس اور پارکنگ کا وسیع نظام ہو گا۔

منڈی کا صفائی نظام روڈ ا کنٹرول کر یگا جبکہ آپریشنل نظام پامرا چلائے گا،دوران بریفنگ ڈی جی پامرا طارق بسرا نے بتایا کہ سبز منڈی بادامی باغ کے منتقلی بارے آڑھتیوں سے ہماری بات چیت چل رہی ہے ان میں 50فیصد اس بات پر راضی ہیں کہ ہم کالاخطائی سبز منڈی منتقل ہو جائیں جبکہ باقی بھی جلد راغب ہو جائیں گے۔