پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کر دی گئی

پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کا ریلیف مسافروں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے‘عظمیٰ بخاری مریم نواز کی سختی سے ہدایات ہیں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے‘وزیر اطلاعات

بدھ 18 ستمبر 2024 16:16

پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2024ء) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 30سے 70 روپے تک کمی کر دی گئی ۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب پیٹرول کی قیمت میں کمی ہوتی ہے مریم نواز اور انکی ٹیم کرایوں میں کمی کے لیے متحرک ہوتے ہیں، مریم نواز اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ کرایوں میں ہر صورت کمی ہو۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول سستا ہونے پر پنجاب کے علاہ کسی صوبے میں آج تک کرایوں میں کمی نہیں ہوئی، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں زائد وصول کیے گئے کرایوں کو مسافروں کو واپس دلائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ پر کرایوں میں کمی کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے، تمام بس اڈوں پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں کرایوں کا شیڈول خود چیک کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی سختی سے ہدایات ہیں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کا ریلیف مسافروں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام ٹرانسپورٹرز کو بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے، مریم نواز کرایوں میں کمی کی تمام صورتحال کو خود مانیٹر کر رہی ہیں۔