پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 30 سے 70 روپے تک کمی کروائی گئی ہے، عظمیٰ بخاری

بدھ 18 ستمبر 2024 17:29

پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 30 سے 70 روپے تک کمی کروائی گئی ہے، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2024ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 30 سے 70 روپے تک کمی کروائی گئی ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں زائد وصول کئے گئے کرائے مسافروں کو واپس دلائے جاتے ہیں، جب بھی پٹرول کی قیمت میں کمی ہوتی ہے مریم نواز اور انکی ٹیم کرایوں میں کمی کروانے کے لیے متحرک ہوجاتی ہے۔

بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ کرایوں میں ہر صورت کمی کی جائے اور شہریوں کو ریلیف دیا جائے، پیٹرول سستا ہونے پر پنجاب کے سوا کسی دوسرے صوبے میں آج تک کرایوں میں کمی نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ پر کرایوں میں کمی کا فوری اطلاق کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام بس اڈوں پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں کرایوں کا شیڈول خود چیک کر رہی ہیں، مریم نواز کی سختی سے ہدایات ہیں کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول و ڈیزل سستا ہونے کا ریلیف مسافروں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، تمام ٹرانسپورٹرز کو بھی حکومت کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔