وزیرِاعظم محمد شہبازشریف اوربرطانوی بادشاہ چارلس سوم کا ٹیلی فون پر رابطہ

بدھ 18 ستمبر 2024 22:56

وزیرِاعظم محمد شہبازشریف اوربرطانوی بادشاہ چارلس سوم کا ٹیلی فون پر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2024ء) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اوربرطانوی بادشاہ چارلس سوم کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے جس میں بادشاہ چارلس نے وزیرِ اعظم کو اکتوبر میں سموئہ میں منعقد ہونے والے دولت مشترکہ کے حکومتی سربراہان کے اجلاس (CHOGM) میں شرکت کی باقاعدہ دعوت دی جبکہ وزیراعظم نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ سموئہ میں دولت مشترکہ کی تاریخ کا ایک اہم اجلاس ہوگا کیونکہ شاہ چارلس کی بادشاہت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دولتِ مشترکہ کا اجلاس ہوگا جس کی وہ بذات خود صدارت کریں گے ۔ وزیرِ اعظم نے پاکستان کے دولت مشترکہ اور اسکے چارٹر پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیااورکہا دولتِ مشترکہ کے ممالک کے مابین مختلف امور بالخصوص پائیدار ترقی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور دولت مشترکہ کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے تعاون کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

شاہ چارلس سوم کی ماحولیاتی امور میں خصوصی دلچسپی اور موسمیاتی پائیداری کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سموئہ میں دولت مشترکہ کے قائدین کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے بادشاہ چارلس سوم کی صحت کے بارے دریافت کیا اور عالیہ مرتبت ویلز کی شہزادی کے علاج کی تکمیل پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عالی مرتبت بادشاہ چارلس سوم کے پاکستان کے گزشتہ دورے، جب وہ ویلز کے شہزادے تھے، کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ بادشاہ اور عالیہ مرتبت ملکہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔