حزب اللہ کے پیجرمواصلاتی آلات میں دھماکے موساد نے کرائے

جمعرات 19 ستمبر 2024 14:58

حزب اللہ کے پیجرمواصلاتی آلات میں دھماکے موساد نے کرائے
بیروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2024ء) ایک باوثوق اسرائیلی ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ گذشتہ روز لبنان میں سیکڑوں افراد کے پاس موجود وائرلیس مواصلاتی ڈیوائس پیجر میں ہونے والے دھماکوں کے پیچھے اسرائیل کے خفیہ ادارے موساد کا ہاتھ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان ذرائع نے تصدیق کی کہ لبنان میں بیک وقت حزب اللہ کے ارکان سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مواصلاتی آلات کے دھماکے کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے۔

یہ آپریشن، جس میں لبنان بھر میں تقریبا 3000 لوگ زخمی ہوئے اسرائیلی انٹیلی جنس سروس، موساد اور اسرائیلی فوج کے درمیان مشترکہ آپریشن کا نتیجہ تھا۔ایک اسرائیلی ذریعے نے پہلے اطلاع دی تھی کہ اسرائیل نے حزب اللہ کے ساتھ اپنی لڑائی کو ایک نئے مرحلے تک لے جانے کے لیے مواصلاتی آلات کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تل ابیب نے حملے سے قبل واشنگٹن کو آگاہ نہیں کیا۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ لبنان میں مواصلاتی آلات کو اڑانے کے آپریشن کی منظوری اس ہفتے بنجمن نیتن یاہو اور ان کی حکومت کے سینیر اراکین اور سکیورٹی سروسز کے سربراہوں کے درمیان ہونے والی سکیورٹی میٹنگوں کے دوران دی گئی تھی۔حزب اللہ اور لبنانی حکومت نے اس حملے کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا۔ جب کہ تل ابیب کی جانب سے اس پر کوئی باضابطہ رد عمل سامنے نہیں آیا۔