لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے ایم این اے سعد اللہ بلوچ کی بازیابی کی درخواست پولیس رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی

پیر 23 ستمبر 2024 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے ایم این اے سعد اللہ بلوچ کی بازیابی کی درخواست پولیس رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔ جسٹس فاروق حیدر نے ایم این اے کی اہلیہ زوباریہ حسن کی درخواست پر سماعت کی۔ سی پی او فیصل آباد کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ ایم این سعد اللہ پولیس کو مطلوب نہیں ہے ۔

ایم این اے سعد اللہ پولیس کی حراست میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

درخواست اشتیاق اے خان ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے شوہر سعد اللہ بلوچ این اے 97 سے ایم این اے منتخب ہوئے سیاسی بنیادوں پر پی ٹی آئی قیادت اور ممبران کیخلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ درخواست گزار کے شوہر سعد اللہ بلوچ کو پولیس کے ساتھ نقاب پوش اہلکار اٹھا کر لے گئے۔ ایم این اے سعد اللہ بلوچ کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ ایم این اے سعد اللہ بلوچ کی بازیابی کے احکامات جاری کرے۔