چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور میں منشیات بارے آگاہی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

منگل 1 اکتوبر 2024 21:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2024ء) چولستان یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور کے سنڈیکیٹ روم میں اینٹی ڈرگ اینڈ نارکوٹکس آگاہی کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد ہوا۔سیمینار میں مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مظہر ایاز جبکہ ڈاکٹر نازیہ ظفر لیکچرر اپلائیڈ سائیکالوجی دی گورنمنٹ صادق کالج وویمن یونیورسٹی بہاولپور نے بطور مہمان سپیکر شرکت کی۔

سیمینار میں ڈاکٹر یاسمین، ڈاکٹر رضوانہ سلطان، ڈاکٹر صائمہ انجم، ڈاکٹر افشاں شفیع، ڈاکٹر ہما ناز، طیبہ ریاض، مطیبہ اصغر، ڈاکٹر حمیرہ حیات، عائشہ کبیر،تحریم اسد، حمیرہ امین اور متعدد فیکلٹی ممبران اور ایڈمنسٹریٹو سٹاف نے شرکت کی۔سیمینار میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مظہر ایاز نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں منشیات کے استعمال کے خلاف شعور کو بڑھایا جائے اور تعلیمی ادارے اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں میں منشیات کے مضر اثرات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھا جا سکے۔مہمان سپیکر ڈاکٹر نازیہ ظفر نے اپنی گفتگو میں نشے کے نفسیاتی اور سماجی پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور ان کی نفسیاتی صحت کی بحالی میں معاشرتی تعاون بہت ضروری ہے۔پروگرام کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر محمد مظہر ایاز نے مہمان سپیکر اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اس امر پر زور دیا کہ ایسے مسائل سے نمٹنے کے لیے طلبہ کو مشاورت اور مدد فراہم کی جائے۔