پنجاب پولیس کو 5سال سے مطلوب اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار

اشتہاری قمر عباس نے 2019 میں تھانہ پاہڑیانوالی کے علاقے میں فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کر دیا تھا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی آر پی او گوجرانوالہ اور ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کو شاباش

جمعہ 4 اکتوبر 2024 23:14

پنجاب پولیس کو 5سال سے مطلوب اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2024ء) پنجاب پولیس کے اسپیشل آپریشنز سیل نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں مطلوب خطرناک اشتہاری قمر عباس 5 برس بعد سعودی عرب سے گرفتار کر لیا۔پنجاب پولیس نے پانچ سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اشتہاری قمر عباس نے 2019 میں تھانہ پاہڑیانوالی کے علاقے میں فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کر دیا تھا جس کی وجہ فریقین کے درمیان سابقہ مقدمات اور زمین پر قبضہ کا تنازع تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ اشتہاری قمر عباس 5 برس سے منڈی بہاؤالدین پولیس کو مطلوب تھا اور اسپیشل آپریشن سیل نے انٹرپول سے ملزم قمر عباس کا ریڈ نوٹس جاری کروایا تھا۔سعودی پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے لاہور ایئر پورٹ پر پنجاب پولیس کے حوالے کردیا جس کے بعد رواں سال بیرون ملک سے گرفتار خطرناک اشتہاریوں کی تعداد 82 ہو گئی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او گوجرانوالہ اور ڈی پی او منڈی بہاؤالدین کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانونی کارروائی مکمل کر کے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی ایف آئی اے اور انٹرپول کی مدد سے دیگر خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے وطن واپس لایا جائے۔