’میرا داماد پاکستانی ہے‘ ملائشین وزیراعظم کا دلچسپ انکشاف

میں علامہ اقبال کا مداح ہوں، قائد اعظم ایک مدبر رہنما تھے، ہمارے ابتدائی دنوں میں پاکستانی ماہرین نے اہم کردار ادا کیا، ہم اپنے ملک میں موجود پاکستانیوں کی قدر کرتے ہیں؛ سرکاری ٹی وی کو انٹرویو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 5 اکتوبر 2024 11:40

’میرا داماد پاکستانی ہے‘ ملائشین وزیراعظم کا دلچسپ انکشاف
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اکتوبر 2024ء ) ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے دلچسپ انکشاف کیا ہے کہ ان کے داماد پاکستانی ہیں۔ سرکاری ٹی وی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میرا داماد پاکستانی ہے، میں علامہ اقبال کا مداح ہوں، قائد اعظم ایک مدبر رہنما تھے، ہم اپنے ملک میں موجود پاکستانیوں کی قدر کرتے ہیں کیوں کہ ہمارے ملک کے ابتدائی دنوں میں پاکستانی ماہرین نے اہم کردار ادا کیا، پاکستان اور ملائیشیا ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کو معاشی صلاحیت اور تعلیم کے حوالے سے رول ماڈل کے طور پر دیکھتے آ رہے ہیں، پاکستان میں ترقی کے حوالے سے بے پناہ مواقع ہیں، ہمیں مل کر آگے بڑھنا چاہیے، ملائیشیا انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹرز میں خطے میں سب سے آگے ہے، ہم ان تمام شعبوں میں تعاون کوفروغ دے سکتے ہیں، او آئی سی ایک عالمی تنظیم ہے، غزہ اور کشمیر سمیت انسانی حقوق خلاف ورزیاں جہاں بھی ہوں ان پر تشویش ہے، اقلیتوں کے حقوق کی پامالی پر بھی ہمیں تشویش ہے، دنیا کے دیگر ملکوں سے توقع کرتے ہیں وہ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کریں گے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم پاکستان کا 3 روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس روانہ ہوگئے، وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کے دورے کو دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کے وزیراعظم سے ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں کاتبادلہ ہوا، پاک ملائیشیا بزنس فورم میں تجارت کے فروغ پر مثبت پیش رفت ہوئی، ملائیشیا کو گوشت، چاول کی برآمدات میں اضافہ اور طریقہ کار کو آسان بنایا جائے گا، دونوں ممالک کے درمیان آئی ٹی میں تعاون پر بھی اتفاق ہوا۔