چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کی سخت ہدایات، مشہور زمانہ لینڈ مافیا راجہ شبیر خان اور سہولت کاروں کیخلاف تحقیقات کرنے کے احکامات جاری

ہفتہ 5 اکتوبر 2024 17:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2024ء) چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کی سخت ہدایات۔ مشہور زمانہ لینڈ مافیا راجہ شبیر خان اور سہولت کاروں کے خلاف سات روز کے اندر تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق سیاسی و سماجی رہنما ڈسٹرکٹ چیئرمین چنار پبلک موومنٹ مظفرآباد زاہد مغل نے کسٹوڈین جائیداد متروکہ آزاد جموں و کشمیر مظفرآباد سمیت چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو درخواست بمراد سدورگی حکم قانونی کاروائی محمد شبیر ولد یعقوب خان ہمراہ 17 سہولت کار جن میں محکمہ پولیس آزاد کشمیر، محکمہ مال و برقیات آزاد کشمیر و دیگر لوگ بھی شامل تھے کے خلاف درخواست پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر نے سال 2014 میں نلوچھی کے مقام پر جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کی نسبت اراضی مختص کرنے کا حکم دیا جس پر جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 18 کنال چھ مرحلے اراضی اس طرح کل 44 کنال 12 مرلے رقبہ محکمہ قانون انصاف پارلیمانی امور کے نام منتقل شدہ ہے جس کا ریکارڈ مال میں اندراج موجود ہے۔

(جاری ہے)

اراضی پر اب جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ افتتاح ہو کر عدالت کو منتقل ہونا باقی ہے، اس اراضی سمیت دیگر اراضیات کی نسبت بدنام زمانہ لینڈ مافیا جعل ساز گروہ نے فرضی جعلی الاٹمنٹ چٹیں مرتب کرتے ہوئے اربوں روپے ریاستی خزانے سے ہڑپ کرنے کا پلان مرتب کر رکھا تھا جس کو روکنے کے لیے استدعا کی گئی تھی۔ جس پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے ایکشن لیتے ہوئے اس گروہ کے خلاف تحقیقات کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔