راولپنڈی میں 8 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ

راولپنڈی میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی دفعہ 144 کا نفاذ 10 سے 17 اکتوبر تک کیا گیا ہے، ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 11 اکتوبر 2024 12:16

راولپنڈی میں 8 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11اکتوبر 2024) پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں 8روز کیلئے دفعہ 144نافذ کر دی،راولپنڈی میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی،ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ 10 سے 17 اکتوبر تک کیا گیا ہے جس کا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی اجلاس کو محفوظ بنانا ہے۔

راولپنڈی کی حدود میں ڈبل سواری اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد ہو گی۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا۔ دفعہ 144 کے تحت کبوتر بازی، ڈرون اڑانے اور لیزر لائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق فیصلہ امن و امان کے قیام اور انسانی جانوں و املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت پنجاب نے صوبے کے 8 شہروں میں فوری طور پر 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی تھی۔محکمہ داخلہ پنجاب نے 8 اضلاع میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیاتھا۔محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ملتان، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانولہ، وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ اور وزیر آباد میں دفعہ 144 نافذ ہوگئی اور ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور اسی طرح کی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا تھا۔ 8 اضلاع میں 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی اور اس کا اطلاق جمعرات (آج) 10 اکتوبر سے ہفتہ 12 اکتوبر تک ہوگا۔ترجمان محکمہ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے، امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے احکامات جاری کئے گئے تھے۔