شوبز فنکاروں کا لیجنڈ اداکارعابد کشمیری کے انتقال پر اظہار تعزیت

جمعہ 11 اکتوبر 2024 15:49

شوبز فنکاروں کا لیجنڈ اداکارعابد کشمیری کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2024ء) شوبز فنکاروں نے فلم و ٹی وی کے نامور لیجنڈ اداکارعابد کشمیری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اداکار فردوس جمال،ندیم بیگ،مصطفی قریشی،شان،دانش تیمور،سنگیتا اور حبا بخاری سمیت دیگر نے اداکار عابد کشمیری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک باصلاحیت اور بے پناہ خوبیوں کے مالک تھے،وہ بہترین اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک شریف النفس انسان بھی تھے، ان کے اندر غریبوں سے ہمدردی کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا،انہوں نے متعدد فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں سنجیدہ اداکاری کے علاوہ کامیڈی میں بھی اپنی قابلیت کا لوہا منوایا،پاکستان کی فلم و ٹی وی انڈسٹری ایک ٹیلنٹڈ اداکار سے محروم ہو گئی جس کا خلا صدیوں پورا نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

اداکار فردوس جمال نے کہا کہ میرا عابد کشمیری کے ساتھ بھائیوں جیسا رشتہ تھا، اس نے کبھی کسی کا نقصان نہیں کیا بلکہ ہمیشہ آپس میں محبتیں بکھیریں، اس کا شمار ان چند اداکاروں میں ہو تا تھا جو اپنے دلوں میں دوسروں کیلئے احساس اور ہمدری کا جذبہ رکھتے ہیں،آج میں ایک اچھے انسان اورہمدرد دوست سے محروم ہوگیا ہوں۔دریں اثنا شوبز فنکاروں نے عابد کشمیری مرحوم کے لئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ حوصلے اور ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔