سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلے کی کان پر مسلح افراد کے حملے کی مذمت

جمعہ 11 اکتوبر 2024 17:56

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلے کی کان پر مسلح افراد کے حملے کی مذمت کرتے ہوئیاس میں 20 کان کنوں کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک مذمتی پیغام میں انہوں نے جاں بحق کان کنوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی کان کنوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ حملے میں ملوث دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ اس میں ملوث سفاک درندے انسان کہلانے کے لائق نہیں۔ بے گناہ کان کنوں پر حملے کے شرمناک اور بزدلانہ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس شرمناک واقعہ میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔واقعہ میں ملوث شر پسندوں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔سپیکر نے اللہ تعالیٰ سے جاں بحق کان کنوں کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔