ایسٹ پولیس کی دومختلف کارروائیاں ایک زخمی سمیت تین ملزمان گرفتار،اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد

اتوار 13 اکتوبر 2024 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2024ء) ایسٹ پولیس نے دومختلف کارروائیوں کے دوران ایک زخمی سمیت تین ملزمان کو گرفتارکرلیاہے۔ترجمان ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق تھانہ جمشید کوارٹرز کے علاقے گھوڑا چورنگی کے قریب پولیس اور ڈاکو کے درمیان مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاہے۔ترجمان کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا،گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پسٹل بمعہ ایمونیشن اور نقدی رقم برآمدہوئی ہے ۔

گرفتار ملزم کی شناخت رحمت علی عرف مولائی ولد اصغر علی کے نام سے ہوئی، ملزم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق تھانہ سہراب گوٹھ پولیس نے اسٹریٹ کرمنل ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق ملزمان راہگیر شہری سے واردات کررہے تھے، گشت پر مامور پولیس موقع پر پہنچی اور نہایت حکمتِ عملی سے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو عدد پسٹلز بمعہ ایمونیشن اور چھینا ہوا پرس برآمد ہواہے۔گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ، ملزمان کا کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔گرفتار ملزمان میں عبداللہ ولد یوسف اور سمیع ولد سردار شامل ہیں