المصطفیٰ فالواپ کیمپ‘بصارت سے محروم سفیدموتیہ کے درجنوں افراد کی بینائی لوٹ آئی

پیر 14 اکتوبر 2024 15:13

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2024ء) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام فری آئی سرجری فالواپ کیمپ کا انعقاد ‘ ماہر سرجن ڈاکٹرزنے مریضوں کا معائینہ کیا۔سفید موتیہ کے کامیاب آپریشن کے بعد بصارت سے محروم الحمدللہ تمام مریضوں کی بینائی لوٹ آئی‘المصطفیٰ فری آئی فالوپ کیمپ المصطفیٰ کمپلیکس سنٹر پلیٹ میں لگایا گیا۔

صدر المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی آزادکشمیر عتیق احمدکیانی نے کیمپ کی نگرانی کی۔ المصطفیٰ فری آئی سرجری فالواپ کیمپ میں مظفرآباد سمیت وادی نیلم اورجہلم ویلی کے مختلف علاقوںسے آنے والے مریضوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے‘ آپریشن کے بعد گزشتہ روز ان کا دوبارہ معائنہ کیاگیا۔ اس موقع پر استفادہ کرنے والے مریضوں اور ان کے ورثاء نے المصطفیٰ کی سماجی خدمت کے حوالے خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ المصطفیٰ جیسی سماجی تنظیم کو دیکھ کر ہمارے حوصلے بلند ہوتے ہیں کہ معاشرے سے غربت و افلاس اور جہالت و گمراہی کے خاتمے کیلئے جو کردارالمصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی ادا کر رہی ہے وہ دیگر فلاحی اداروں کے لئے قابل تقلید مثال اور لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

صدر المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی آزادکشمیر عتیق احمدکیانی نے گفتگو میںکہاکہ فری آئی کیمپ کے انعقاد کا مقصد معاشرے کے ایسے افراد کو بینائی بہتر بنانے میں مدد دینا ہے جو اپنا مہنگا علاج نہیں کرواسکتے۔ انہوں نے کہاکہ حضور سرورِ کائنات کل عالمین کیلئے رحمت بن کر آئے اور آپ ﷺکے غلام تاروز قیامت آپ کا یہ فیضان آگے پھیلاتے رہیں گے۔

حضورﷺ آئے تو آپ نے انسانیت کی قدر ومنزلت سے انسانوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک سماجی فلاحی معاشرے کے قیام کیلئے اس طرح کی سماجی سرگرمیوں کا جاری رہنا ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی آزاد کشمیر میں دکھی انسانیت کی خدمت اور فلاح انسانی کے منصوبوں پر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ محدود وسائل کے باوجود یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :