یونیفیل امن کاروں پر حملے ممکنہ جنگی جرائم، یو این چیف

یو این پیر 14 اکتوبر 2024 21:15

یونیفیل امن کاروں پر حملے ممکنہ جنگی جرائم، یو این چیف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 14 اکتوبر 2024ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے لبنان میں ادارے کی عبوری فورس (یونیفیل) پر حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کاروں کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور ایسی کارروائیاں جنگی جرائم کے مترادف ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے اسرائیل کی فوج سمیت تمام متحارب فریقین سے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی فورس اور اس کی تنصیبات کے خلاف کسی بھی طرح کی ایسی کارروائی سے گریز کریں جن سے انہیں نقصان پہنچنے کا خطرہ ہو۔

Tweet URL

یونیفیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے امن کار مشکل حالات کے باوجود اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہتے ہوئے فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

امن کاروں پر حملے

اتوار کی صبح اسرائیل کی فوج کے ٹینکوں نے یونیفیل کے ہیڈکوارٹر میں داخل ہو کر گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے دھوئیں سے 15 امن کار متاثر ہوئے جنہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ گزشتہ چند روز میں یونیفیل کی چیک پوسٹوں پر اسرائیل فوج کے حملوں اور فائرنگ سے پانچ امن کار زخمی ہو چکے ہیں جبکہ فورس کی تنصیبات کو بھی نقصان ہوا ہے۔

اسرائیل کی فوج نے گزشتہ دنوں متعدد مواقع پر یونیفیل کی نقل و حرکت میں بھی رکاوٹیں پیدا کی ہیں۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے عملے اور تنصیبات کے تحفظ کی ضمانت ہونی چاہیے۔ یونیفیل حالیہ دنوں پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اپنے اہلکاروں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہا ہے۔

قرارداد 1701 پر عملدرآمد کا مطالبہ

بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی لبنان میں امن مشن کی تعیناتی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کی ہے اور اس ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے یہ فورس سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 کی بنیاد پر اسرائیل اور لبنان کے مابین کشیدگی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

یونیفیل کے پاس اسرائیل اور حزب اللہ کے مابین 2006 میں ہونے والی لڑائی کے بعد جنگ بندی کی نگرانی، جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کے انخلا کی تصدیق کرنے اور لبنان کی حکومت کو علاقے میں اپنی عملداری بحال کرنے میں مدد دینے کی ذمہ داری ہے۔

سیکرٹری جنرل نے فریقین میں کشیدگی کو روکنے اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے اور قیام امن کا یہی واحد راستہ ہے۔