عقیدہٴ ختم نبوت کا تحفظ اور منکرین ختم نبوت کے مختلف حربوں کا مقابلہ جاری رہے گا : عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

جمعہ 18 اکتوبر 2024 23:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2024ء) عقیدہٴ ختم نبوت کا تحفظ اور منکرین ختم نبوت کے مختلف حربوں کا مقابلہ جاری رہے گا ۔ قادیانیوں کو پوری امت اور پارلیمنٹ نے غیر مسلم اقلیت قرار دے رکھا ہے لیکن قادیانی اپنے کفر کو اسلام کا نام دے کر مسلمانوں کے حقوق غصب کررہے ہیں اور ملکی قوانین کو چیلنج کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مبلغین مولانا عبدالنعیم، مولانا عبدالعزیز، مولانا محبوب الحسن طاہر، مولانا سمیع اللہ نے لاہور کی مختلف مساجد میں چناب نگر سالانہ ختم نبوت کانفرنس کی تیاری کے سلسلے میں جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ شہدائے تحفظ ختم نبوت کا مقدس خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا ، قوانین ختم نبوت کو منظور کروانے کے لیے اکابرین امت نے بہت بڑی قربانی دی ہے ہم ان قوانین کی حفاظت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قادیانیوں کو ساتھ 1974ء میں انکی آئینی حیثیت متعین کی جاچکی ہے اس پر کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہیں جاسکتی۔ علماء نے کہا کہ 24 اور25اکتوبر کو چناب نگر میں منعقد ہونیوالی کانفرنس ایک تاریخ ساز کانفرنس ہوگی ، کانفرنس میں قادیانیوں کو دعوت اسلام کا فریضہ دہرایا جائے گا۔

تمام مسلمان چناب نگر ختم نبوت کانفرنس میں شریک ہوکر آقا ﷺ سے عشق ووفا کا ثبوت دیں۔ چناب نگر میں ہونیوالی سالانہ کانفرنس یہ اس کانفرنس کا تسلسل ہے جو 1934ء میں ہمارے اکابرین نے قادیان سے سلسلہ شروع کیا تھا۔ ہم اپنے اکابرین کی قربانیوں کو ضائع نہیں جانے دینگے۔