Live Updates

پورا عالم اسلام اسرائیلی جارحیت کیخلاف ایران کے ساتھ کھڑا ہے ، طاہر محمود اشرفی

اتوار 15 جون 2025 16:40

پورا عالم اسلام اسرائیلی جارحیت کیخلاف ایران کے ساتھ کھڑا ہے ،  طاہر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پورا عالم اسلام اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑا ہے ، آج پوری امت کو وحدت کی ضرورت ہے ،افواج پاکستان کے خلاف مذموم مہم چلانے والے ملک کے خیر خواہ نہیں،نیتن یاہو اور نریندر مودی دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں پریس کلب لاہور میں سردار محمد خان لغاری کے بارے میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جمعیت علماء پاکستان سواد اعظم کے صدر پیر محمد محفوظ مشہدی ،علامہ نصیر احمد اویسی، مولانا سلیم اللہ عثمانی و دیگر علماء کی کثیر تعداد موجود تھی ۔طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر اس سازش کے تحت حملہ کیا کہ عالم اسلام دو گروپوں میں تقسیم ہو جائے گا لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس کی یہ سازش ناکام ہو گئی، آج بھی پورا عالم اسلام ایک بند مٹھی کی طرح متحد ہے ،ایران پر اسرائیلی حملے کی سب سے پہلے مذمت سعودی عرب نے کی اور پوری مسلم امہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے پورے خطے کے امن کو دائو پر لگا دیا ہے ، بھارتی وزیر اعظم اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں اور خطے میں امن وخوشحالی کی بہت بڑی رکاوٹ ہیں ، ایک ماہ پہلے بھارت نے اسرائیل کے ساتھ مل کر پاکستان پر حملہ کیا،اللہ تعالی نے معرکہ حق میں پاکستان کو سرخرو کیا اوردشمن کے قیمتی طیارے مار گرائے جس سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر نے جن ملکوں کی فوج کمزور ہو ئی ان میں افراتفری اورتقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی ۔طاہر اشرفی نے کہا کہ عراق، یمن ، لیبیا،لبنان اور شام کے حالات سب کے سامنے ہیں وہاں پر اسلام کے دشمنوں نے فوج اور عوام کو آپس میں تقسیم کر کے وہاں کے دفاعی نظام کوکمزور کیا،آج پاکستان میں وحدت کی ضرورت ہے ، یہاں پر بھی فوج اور عوام کو تقسیم کرنے سازش کی جارہی ہے ،پاک افواج کے خلاف مہم چلانے اور اس کا حصہ بننے والے پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہیں ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات