&چوہدری محمد ذکاء اشرف کا مرحوم ورکر کی وفات پر اظہار تعزیت ، اہل خانہ کو امدادی چیک پیش کئے

جمعہ 18 اکتوبر 2024 21:15

oلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2024ء) بہاول پور : سابق چیئرمین پی سی بی و چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون چوہدری محمد ذکاء اشرف کا اشرف شوگر ملز کے مرحوم ورکر عابد حسین کی وفات پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے مغفرت کی دعا کی اور ورثا کو امدادی چیک پیش کئے۔ تفصیل کے مطابق اشرف شوگر ملز کے کین فیلڈ مین عابد حسین کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے مغفرت کی دعا بھی کی۔

اس موقع پر چوہدری محمد ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ مرحوم عابد حسین ادارے کا نہایت ہی مخلص، ایماندار اور محنتی ورکر تھا اس کے ساتھی ورکرز آج بھی اسے اچھے الفاظ میں یاد کرتے ہیں، ادارے میں ان کی خدمات کو ہمیشہ رشک کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہے گا۔

(جاری ہے)

مزید براں مرحوم کے ورثاء میں شامل بیوہ کندن بی بی، بیٹی ثمینہ بی بی اور والد اللہ بخش کو فی کس رقم مبلغ نو لاکھ پینسٹھ ہزار کے امدادی چیک بھی پیش کئے۔

اس موقع پر مرحوم عابد حسین کے بیوہ کندن بی بی اور والد اللہ بخش کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے چوہدری ذکاء اشرف کی ذات کو علاقے کی عوام اور ملز ملازمین کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ علاقے کی تعمیر و ترقی اور غریب پروری میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے رب تعالی ان کی عزت اور صحت میں مزید اضافہ کرے۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر اشرف شوگر ملز مشتاق احمد تبسم، ڈی جی ایم ایچ آرمحمد عمران، بلال مان، اکائونٹس ہیڈ محمد نواز کاشف، منیجر ایڈمن رانا عثمان ضیاء میڈیا آفیسر رضوان احمد و دیگر موجود تھے۔