این ڈی ایم اے کی جانب سے غزہ اور لبنان کے جنگ متاثرین کے لیےامدادی سامان کی کھیپ روانہ

اتوار 27 اکتوبر 2024 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2024ء) وزیر اعظم کی ہدایات پرنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) غزہ اور لبنان کے جنگ زدہ عوام کو ہنگامی امداد کی ترسیل کی جاری رکھتے ہوئے دو مزید کھیپں روانہ کر دی ہیں۔اتوار کو جاری بیان کے مطابق این ڈی ایم اے 200 ٹن پر مشتمل NLC کے دو قافلوں کے ذریعے 15ویں اور 16ویں ہنگامی امدادی سامان اسلام آباد سے روانہ کیا گیا ،جس میں دونوں ممالک کے لیے فی 100 ٹن سامان موجود ہے۔

سامان میں موسم سرما کے خیمے اور کمبل شامل ہیں ۔ اسلام آباد سے ایک قافلہ غزہ کی متاثرین کے لیے سامان لیکر عمان (اردن) جبکہ دوسرا قافلہ بیروت ،لبنان پہنچے گا۔ این ڈی ایم اے 16 کھیپوں کے ذریعے مجموعی طور پر 1598 ٹن امدادی سامان غزہ اور لبنان کے متاثرہ لوگوں کے لیے روانہ کر چکا ہے، سامان روانگی کی تقریب این ڈی ایم اے کے گودام میں منعقد ہوئی جس میں پارلیمنٹیرین ملک ابرار اور راجہ قمر الاسلام، فلسطین کے پاکستان میں سفیر زہیر ایم ایچ درزید، لبنانی سفیر، این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور پاک آرمی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران شرکا نے فلسطین اور لبنان کے جنگ زدہ لوگوں کو امداد فراہم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مصیبت میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کی امداد جاری رکھنے اور امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔فلسطینی اور لبنانی سفیر نے پاکستان کے عوام کی جانب سے غزہ کے لیے غیر متزلزل حمایت اور فراخدلانہ امداد پر تشکر کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے ہنگامی امداد نہ صرف ضروری سامان کی فراہمی کے لیے اہم ہے بلکہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے انسانی جذبہ ہمدردی اور اتحاد کا طاقتور پیغام بھی ہی حکومت پاکستان نے وزیر اعظم کا امدادی فنڈ برائے غزہ اور لبنان" کے نام سے ایک خصوصی اکاؤنٹ بھی قائم کیا ہے۔ اس فنڈ کا مقصد غزہ اور لبنان میں جنگ زدہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کے لیے عوامی عطیات جمع کرنا ہے۔