شعیب ملک نے انضمام الحق کو ویرات کوہلی سے بہتر بیٹر قرار دیدیا

دائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے 16 سال پر محیط کیریئر کے دوران تمام فارمیٹس کے 499 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 20,589 رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 2 نومبر 2024 15:44

شعیب ملک نے انضمام الحق کو ویرات کوہلی سے بہتر بیٹر قرار دیدیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 نومبر 2024ء ) پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک نے ویرات کوہلی پر انضمام الحق کو ترجیح دیتے ہوئے انہیں پاکستان کے عظیم ترین بلے باز کے طور پر سراہا ہے۔ 
شعیب ملک نے یہ انکشاف ویب سائٹ ’پرو پاکستانی‘ کی پوڈ کاسٹ میں کوئیک فائر سیگمنٹ کے دوران کیا ؟۔ انہیں انضمام الحق، وریندر سہواگ، سورو گنگولی، سعید انور اور آخر میں ویرات کوہلی جیسے کرکٹ کے لیجنڈز کے درمیان انتخاب کرنے کو کہا جس پر شعیب ملک نے مجموعی طور پر اپنے سابق کپتان کا انتخاب کیا۔

 
انضمام الحق کو دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کے جوش اور اسٹروکس نے پاکستان کو نازک پوزیشنوں سے کئی فتوحات دلوائیں۔ دائیں ہاتھ کے اس کھلاڑی نے 16 سال پر محیط کیریئر کے دوران تمام فارمیٹس کے 499 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 20,589 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

 

انہوں نے 2003ء سے 2006ء تک مختلف فارمیٹس کے 122 میچوں میں قومی ٹیم کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔

شعیب ملک پر ان کا اثر نمایاں تھا جن کی قیادت میں انہوں نے ایک سنچری اور 5 ففٹی پلس سکورز کی بدولت 42 کی اوسط سے رنز بنائے۔ 
2007ء میں کرکٹ کے کھیل سے ریٹائر ہونے کے بعد 54 سالہ انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کئی ذمہ داریاں نبھائیں جبکہ دنیا بھر میں ہیڈ کوچنگ کی ذمہ داریوں کو بھی نبھاتے ہوئے کرکٹ کے کھیل میں ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔