امریکی صدارتی انتخابات،ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 232 ووٹ لے کر آگے، کمیلا ہیرس 216ووٹوں کے ساتھ پیچھے

صدارتی انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل آخری مراحل میں داخل ، ایوان نمائندگان میں ری پبلکن 174 اور ڈیموکریٹس 133 نشستوں پر کامیاب ہوچکے ہیں، سینیٹ میں ری پبلکن نے 51 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کر لی ہے جبکہ ڈیموکریٹس نے ایوان بالا کی 43 نشستیں جیت لیں

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 6 نومبر 2024 10:41

امریکی صدارتی انتخابات،ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 232 ووٹ لے کر آگے، ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06نومبر 2024) امریکی صدر کے انتخاب کیلئے متعدد ریاستوں میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ، اب تک کے نتائج کے مطابق ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ 232 ووٹ لے کر سبقت لیے ہوئے ہیں جب کہ ان کی مدمقابل کملا ہیرس 216 ووٹوں کے ساتھ ان سے پیچھے ہیں،تفصیلات کے مطابق امریکا میں صدارتی انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔

نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ری پبلکن 174 اور ڈیموکریٹس 133 نشستوں پر کامیاب ہوچکے ہیں۔سینیٹ میں ری پبلکن نے 51 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کر لی ہے جبکہ ڈیموکریٹس نے ایوان بالا کی 43 نشستیں جیت لی ہیں۔متعدد ریاستوں انڈیانا، کینٹکی، جیارجیا، اوہائیو، ورجینیا اور کیرولینا میں پولنگ مکمل ہوچکی ہے اور ووٹوں کی گنتی اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

جب کہ کئی ریاستوں میں ووٹنگ جاری ہے۔پانسہ پلٹنے والی ریاستوں میں سے ایک ریاست شمالی کیرولائنا، ویسٹ ورجینیا، اوہائیو ، الینوائے، میری لینڈ اور پینسلوینیا میں بھی پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اہم ریاست نارتھ کیرولائنا میں کامیابی حاصل کرلی ہے، جسے ٹرمپ کے حق میں بڑی پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔

امریکی انتخابات پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نارتھ کیرولائنا کے نتائج مجموعی نتائج پر اثر انداز ہوتے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست انڈیانا ، کینٹکی، ریاست اوکلوہاما ، الباما ، جنوبی کیرولینا، ریاست مسی سپی میں ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے۔ ویسٹ ورجینیا میں بھی ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوئے۔

کملا ہیرس ورمونٹ میں کامیاب ہوگئیں، ورمونٹ میں کملاہیرس نے 3 ہزار 77 ووٹ حاصل کئے، ڈونلڈ ٹرمپ کو ورمونٹ میں2561 ووٹ ملے۔ خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ریاست انڈیانا اور کینٹکی میں سابق صدر اور ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو برتری حاصل ہے تاہم ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ کینٹکی میں گنتی کا عمل 21 فیصد مکمل ہوا ہے، جس کے مطابق کملا ہیرس دو لاکھ 9 ہزار745 (54.1 فیصد) جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک لاکھ 72 ہزار 720 (44.4 فیصد) ووٹ حاصل کرچکے ہیں۔

اسی طرحبی بی سی کی رپورٹ کے مطابق انڈیانا میں 60 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی جہاں کملا ہیرس کو 49.7 فیصد کے ساتھ برتری حاصل ہے جبکہ ٹرمپ 48.6 فیصد کے ساتھ پیچھے ہیں۔انڈیانا میں ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 میں جوبائیڈن کو 7 فیصد اور 2016 میں ہیلری کلنٹن کو 19 فیصد کے مارجن سے شکست دی تھی۔کملا ہیرس نے نیومیکسکیو میں 5، اوری گن 8، کولوراڈو میں 10، مین 1، ہوائی 4 ، واشنگٹن میں 12 ، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا میں 3 اور کیلیفورنیا میں 54 الیکٹورل ووٹ لے کرمیدان مار لیا ، کملا نے سب سے زیادہ ووٹ لے کرکیلیفورنیا میں کامیابی حاصل کی۔ریاست ہوائی میں دسویں مرتبہ ڈیموکریٹ پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے۔