پنجاب کے مخصوص اضلاع میں ہائرسیکنڈری تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

سکولوں کی بندش کے فیصلے کا اطلاق 7 سے 17 نومبر تک ہوگا، اے لیول انسٹیٹیوٹ بھی شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 6 نومبر 2024 15:30

پنجاب کے مخصوص اضلاع میں ہائرسیکنڈری تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹیفکیشن ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 نومبر 2024ء ) سموگ کے پیش نظر پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی جی ماحولیات نے تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹی فکیشن جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ 12ویں جماعت تک کے نجی و سرکاری تعلیمی ادارے تک بند رہیں گے، ان میں اے لیول انسٹیٹیوٹس بھی شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد میں بھی یہ تعلیمی ادارے بند رہیں گے، اس کے علاوہ جہاں ان تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹی فکیشن جاری ہوا ہے ان میں منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور ملتان شامل ہیں، ان اضلاع میں مذکورہ تمام تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز پر منتقل ہوں گے، اسکولوں کی بندش کےفیصلے کا اطلاق 7 سے 17 نومبر تک ہوگا۔

(جاری ہے)

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرائمری تک جو سکول پہلے سے بند تھے ان کی بندش کا دورانیہ بڑھادیا گیا ہے، اس کے ساتھ اب ہائیر سیکنڈری تک سکولز بند کر رہے ہیں تاہم چھٹیاں نہیں ہوں گی بلکہ آن لائن کلاسز ہوں گی، بچیوں کو آن لائن سٹڈی کی جانب لے جائیں، 17 نومبر تک لاہور، گوجرانولہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژن میں آن لائن سکولنگ ہوگی، اسی طرح سرکاری اور نجی دفاتر میں 50 فیصد افسران کام کریں گے، سرکاری دفاتر میں زوم میٹنگز ہوں گی اور ماسک ہر سطح پر ضروری کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیاتِ جلانے سے سموگ میں اضافہ ہو رہا ہے، پلاسٹک بیگز پر پابندی ہے مگر خلاف ورزی ہو رہی ہے، اگر آپ نے ماسک نہیں پہنا تو آپ میتھین اپنے پھپڑوں میں پہنچارہے ہیں اور آئندہ 10 روز تک سموگ کی شدت برقرار رہے گی، سموگ کے خاتمے کے لیے تمام محکمے کام کر رہے ہیں، ایئر کوالٹی انڈیکس کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم جدید آلات سے بنایا گیا ہے۔