Live Updates

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق افراد کی سکل ٹریننگ کیلئے زیب ٹیک کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے ، چیئرپرسن بی آئی ایس پی

منگل 12 نومبر 2024 22:33

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  مستحق افراد کی سکل ٹریننگ کیلئے زیب ٹیک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2024ء) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے منگل کوزیبسٹ-زیب ٹیک کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر وحیدہ مہیسر سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بی آئی ایس پی اور زیب ٹیک کے مابین سندھ اور بلوچستان کی مستحق خواتین کیلئے مقامی مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے باہمی اشتراک پر تبادلہ خیال گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا کہنا تھا کہ محنت ایک سرمایہ ہے اور معاشرے کی ترقی کیلئے مردو خواتین دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی مستحق افراد کی سکل ٹریننگ کیلئے زیب ٹیک کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے جس پر عملدرآمد کیلئے دیگر سرکاری و نجی ٹریننگ انسٹیٹیوٹس اور بین الاقوامی ڈونرز کا تعاون درکار ہوگا۔

(جاری ہے)

سینیٹر روبینہ خالد نے ہیلتھ کیئر اور نرسنگ کے شعبہ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ان شعبو ں کی بین الاقوامی سطح پر ڈیمانڈ ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ فراہم کردہ ٹریننگز کے معیاری سرٹیفکیشنز کو یقینی بنایا جائے۔ دونوں فریقین کے مابین مستحق افراد کی ووکیشنل ٹریننگ اور آئندہ لائحہ عمل کیلئے ایک مشترکہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیلئے رضا مندی کا اظہار بھی کیا گیا۔ قبل ازیں زیب ٹیک کی جانب سے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو ادارے کے زیر اہتمام فراہم کئے جانے والے تربیتی کورسز پر ایک تفصیلی بریفنگ بھی پیش کی گئی۔
Live بلوچستان سے متعلق تازہ ترین معلومات