دبئی میں اڑنے والی ٹیکسیوں کے لیے پہلے ایئرپورٹ کی تعمیر شروع

بدھ 13 نومبر 2024 13:27

دبئی میں اڑنے والی ٹیکسیوں کے لیے پہلے ایئرپورٹ کی تعمیر شروع
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2024ء) دبئی میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نزدیک اڑنے والی ٹیکسیوں کے لیے پہلے سٹیشن کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس امر کا اعلان نائب وزیر اعظم متحدہ عرب امارات شیخ حمدان بن محمد بن راشد نے کیا ۔ٹیکسیوں کے لیے یہ سٹیشن 3100 مربع کلومیٹر پر محیط ہوگا۔ جس میں 42000 ٹیکسیاں لینڈ کر سکیں گی۔

جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار مسافروں کے سالانہ ٹیکسیوں پر سوار ہونے اور اترنے کی گنجائش ہوگی۔ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا 'ٹیکسی سٹیشن کا پہلا مرحلہ ڈائون ٹائون میں 2026 سے فضائی ٹیکسیوں کے لیے اپنی خدمات فراہم کر سکے گا۔ ان کے مطابق یہ سٹیشن مستقبل میں تیز ترین مواصلاتی سہولتوں کو پورے تحفظ اور پائیداری کے ساتھ تشکیل دے گا اور سفر منٹوں میں طے ہونے لگے گا۔

(جاری ہے)

نئے مواصلاتی نظام یعنی اڑنی والی ٹیکسیوں کی شروعات سے توقع کی جا رہی ہے کہ سفر کا دورانیہ محض منٹوں تک محدود ہوجائے گا اور مصروف ترین علاقوں میں کم سے کم اخراجات کے ساتھ سفر صرف دس منٹ تک طے ہوجائے گا۔ایک ٹیکسی میں پائلٹ کے ساتھ چار مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ جبکہ اس کی رفتار 320 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ دبئی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے جمیرہ تک صرف 10 منٹ میں پہنچا جا سکے گا۔

جو اس سے پہلے بذریعہ کار 45 منٹ میں ممکن ہوتا ہے۔یہ منصوبہ دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، جوبی ایوی ایشن اور سکائی پورز انفراسٹرکچر کے باہمی تعاون سے شروع کیا جا رہا ہے۔ جس کے نتیجے میں دبئی دنیا کا پہلا شہر ہوگا جس میں فضائی ٹرانسپورٹ کا آغاز ہوگا اور اڑنے والی ٹیکسیاں چلیں گی۔اگلے بنائے گئے منصوبوں کے تحت اڑنے والی یہ ٹیکسیاں دبئی سے ابوظہبی تک بھی اپنی خدمات فراہم کریں گی۔