خوشحال خٹک یونیورسٹی کرک میں انرجی سنٹر اکیڈمک بلاک کا افتتاح کر دیا گیا

ہفتہ 16 نومبر 2024 23:21

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2024ء) خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک میں جدید ترین انرجی سنٹر اکیڈمک بلاک کا افتتاح کر دیا گیا۔ یونیورسٹی نے اس موقع پر کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور علمیات فاؤنڈیشن کے اشتراک سے بین الاقوامی کانفرنس کے دوسرے دن کی میزبانی بھی کی۔ قبل ازیں خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصیرالدین نے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی، صوبائی وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال اور رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک سمیت تمام شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا۔

تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی خورشید خٹک، رجسٹرار خوشحال خان خٹک یونیورسٹی ڈاکٹر غنی الرحمان اور کوہاٹ یونیورسٹی کے تمام تعلیمی اور انتظامی شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی تعلیمی اہمیت اور تحقیق کے عزم کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ خوشحال خان خٹک یونیورسٹی اور کوہاٹ یونیورسٹی کے فیکلٹی، اسکالرز اور انتظامی عملے کے مختلف گروپوں کو ایک ساتھ جمع ہوتے دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی۔

صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے کہا کہ حکومت نے تعلیم، تحقیق اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نوجوانوں کی ترقی کو ترجیح دی ہے۔ صوبائی وزیر نے خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا جو توانائی کی تحقیق اور تعلیم کے لیے لگن کا ثبوت ہے، یہ سنٹر طلباء اور فیکلٹی کو جدید تحقیق کرنے اور پائیدار توانائی کے حل میں حصہ ڈالنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔