وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہفتہ وار ہم نصابی سرگرمیاں، ملی نغموں کامقابلہ

بدھ 20 نومبر 2024 16:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2024ء) وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہفتہ وار ہم نصابی سرگرمیوں کے تیسرے روز ملی نغموں کامقابلہ ہوا۔ بدھ کو ہونے والے ان مقابلوں میں فیڈرل بورڈ سے الحاق تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حسب معمول تقر یب کا آغاز تلاوت قرآنِ پاک سے ہوا،پھر نعت شریف پیش کی گئی۔اس کے بعدڈائریکٹر ریسرچ مرزا علی نے طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے خیالات کااظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ مقابلے کی کسی بھی صنف میں حصہ لیں ان سب سے آپ کی شخصیت میں انفرادی طور پر نکھار آتا ہے اور یہ سیکھنا بہت ضروری ہے کہ آپ لوگوں سے بات چیت کرتےہوئےاپنی جذباتی اور احساساتی ذہانت کوکیسے استعمال کرتے ہیں، اس کےعلاوہ خودشناسی بہت اہم ہے کیونکہ آپ اپنے جذبات سے آگاہ ہوں گےتو ہی آپ دوسروں کے سامنے درست الفاظ کاچنائو کر سکتے ہیں اور ہرطرح کی صورتحال پر قابو پا سکتےہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زندگی میں وہ لوگ زیادہ کامیاب ہوتے ہیں جو اپنے جذبات قابو میں رکھنا جانتےہوں۔انہوں نے کہا کہ آپ سب بچے اپنے اپنے ڈائریکٹوریٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں اورآپ سب کی شمولیت ہمارے لیے بہت اہم ہے۔میٹرک لیول کے مقابلوں میں شہریار ناصر ایف جی پبلک سکول محفوظ روڈ راولپنڈی نے پہلی، محمد سعد مغل ایف جی پبلک سکول آدم جی روڈ راولپنڈی نے دوسری اور مناہل زہرہ ای ایم ایس جی پی ایم سٹاف کالونی جی /5 اسلام آباد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اسی طرح انٹرمیڈیٹ لیول کے مقابلوں میں طلحہ بن طاہر عسکریہ کالج راولپنڈی نے پہلی، تطہیر حسین علی ٹرسٹ کالج اسلام آبادنے دوسری اور ام فروہ عسکریہ کالج راولپنڈی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر فیڈرل بورڈ کے ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ اکیڈمکس مرزا علی نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں اسناد اور نقد انعام تقسیم کیے۔تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔