یونیورسٹی آف سرگودھا میں تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون عطیہ اور سکریننگ کیمپ کا انعقاد

جمعرات 21 نومبر 2024 19:22

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں بلڈ ڈونر سوسائٹی اور سیف لائف تھیلیسیمیا اینڈ ہیموفیلیا سینٹر کے اشتراک سے تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے خون عطیہ اور سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کیمپ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرزکی زیرِ سرپرستی منعقد کیا گیا۔ پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یٰسین نے بطورِ مہمانِ خصوصی کیمپ میں شرکت کی اور اس موقع پر طلباء و طالبات کے خدمتِ خلق کے جذبہ کو سراہا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ خون عطیہ کرنا ایک عظیم انسانی عمل ہے، جو ضرورت مند مریضوں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے خون عطیہ کرنے والے طلبہ سے ملاقات بھی کی اور اُن کی حوصلہ افزائی کی۔ طلبہ، فیکلٹی اور سٹاف ممبران نے بڑھ چڑھ کر خون عطیہ کرنے کی اس مہم میں حصہ لیا۔ کیمپ کے دوران خون کے عطیہ کرنے والے افراد کی سکریننگ بھی کی گئی تاکہ صحت کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن،ڈائریکٹر ریاض شاد ہم نصابی فورم ڈاکٹر منیر گجر، ریذیڈنٹ آفیسر ڈاکٹرفہیم ارشد بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :