یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ اسلامیات کے زیرِ اہتمام تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعت خوانی کے مقابلے

بدھ 27 نومبر 2024 17:41

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ اسلامیات کے زیرِ اہتمام تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعت خوانی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا ۔ان مقابلوں کے انعقاد کا مقصد طلبہ کو اسلامی تعلیمات سے جُڑنے، قرآن مجید کے اقدار کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے اور رسول اللہ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔

تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ اس موقع پر چیئرپرسن شعبہ علومِ اسلامیہ ڈاکٹر فرحت نسیم علوی، دیگر فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید انسانیت کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے اور حضور اکرم ﷺ کی سیرت ہر انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو اپنی زندگی کے ہر شعبے میں قرآن و سنت کی رہنمائی اختیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے مقابلے طلبہ میں دینی شعور پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ڈاکٹر فرحت نسیم علوی نے کہا ہماری کوشش ہے کہ طلبہ کو نہ صرف قرآن مجید اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کے ذریعے اسلام کے قریب کیا جائے بلکہ انہیں عملی زندگی میں قرآن و سنت کی اہمیت سے بھی روشناس کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلے طلبہ کے اخلاقی اور روحانی تربیت کا بہترین ذریعہ ہیں۔تقریب میں طلبہ نے انتہائی خوبصورت انداز میں تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعت خوانی پیش کی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات و اعزازی اسناد سے نواز ا گیا۔

متعلقہ عنوان :