امیر الدین میڈیکل کالج کی بلڈ ڈونیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام اسکریننگ مہم کا افتتاح

ہفتہ 30 نومبر 2024 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2024ء) امیر الدین میڈیکل کالج ولاہور جنرل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے،اس بیماری کے پھیلائو کو روکنے کے لیے بر وقت اقدامات کی اشد ضرورت ہے تاکہ لوگوں میں ہیپاٹائٹس اور ایچ پائلوری کی علامات اور ان کے علاج کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل سٹوڈنٹس قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کا صحت مند ہونا انتہائی ضروری ہے کیونکہ طبی عملے نے ہی مریضوں کا علاج کرنا ہوتا ہے لہذا ڈاکٹرز کو علاج کے ساتھ ساتھ ہر ممکن احتیاط اور سال میں دو سے تین مرتبہ اپنی بلڈ سکریننگ ضرور کرانی چاہئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر الدین میڈیکل کالج کی بلڈ ڈونیشن سوسائٹی (نبض) کے زیر اہتمام ہیپا ٹائٹس بی، سی اور ایچ پائلوری کی اسکریننگ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

صدر ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حسیب تھند، ڈاکٹر مصباح جاوید، ڈاکٹر لیلی شفیق و دیگر ڈاکٹرز جبکہ طلبہ میں زیان انصاری، رانا عمر اور رانا عالیان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر الفرید کا مزید کہنا تھا کہ اس بیماری کے پھیلائو کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے ،ہیلتھ کے شعبے میں کام کرنے والے فلاحی اداروں کو بھی عوامی آگاہی کیلئے آگے آنا چاہئے تاکہ ہم اس بیماری کے پھیلا ئوکو روک اور ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکیں۔پرنسپل نے طلبہ پر بھی زور دیا کہ وہ شہریوں میں حفظان صحت کے اصولوں بارے شعور اجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔