گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت کپیسٹی بلڈنگ کی تربیتی ورکشاپ

منگل 3 دسمبر 2024 14:21

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2024ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت کپیسٹی بلڈنگ کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاجس کا مقصد فیصل آباد کے نمایاں تعلیمی اداروں کے منتظمین کی انتظامی صلاحیتوں کو بہتر بنانا ہے۔مذکورہ ورکشاپ میں جی سی ویمن یونیورسٹی اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے 30 انتظامی افسران شرکت کر رہے ہیں۔

پانچ جامع ماڈیولزپر مشتمل مذکورہ ورکشاپ انتظامی مہارت کے کلیدی پہلوؤں کا احاطہ کرتی ہے جن میں انتظامی و باہمی مہارتیں، قیادت کی حکمت عملی و پالیسی، کاروباری روابط، مالی انتظام اور خریداری کی منصوبہ بندی شامل ہیں۔گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آبادکی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین ورکشاپ کی کنوینئرجبکہ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر حرا منیر نگران کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا ہے کہ ہم فیکلٹی اور سٹاف ونگ بنائیں گے اور ان کی تربیت کا جب بھی جہاں بھی موقع ملا اس سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیکھنا انسان کی ضرورت بھی ہے اور اس کی فطرت میں بھی شامل ہے اس لئے اس کیلئے تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے اس عزم کابھی اظہار کیا کہ یہ ورکشاپ علاقائی و قومی شراکت داروں کے ساتھ تعلیمی و انتظامی معیار مزید بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی صلاحیتوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیااور کہا کہ انتظامی افسران کی صلاحیتوں کا نکھار اتنا ہی ضروری ہے جتنا تدریسی عملے کا،کیونکہ ایک مکمل اور تربیت یافتہ عملہ ہی ادارے کی کامیابی کےلئے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ویژن سے یونیورسٹی کا ویژن ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے پروفیشنل زندگی میں اخلاقیات، تکنیکی اور انتظامی صلاحیتوں کو ناگزیر قرار دیا۔راجہ آصف حسین اسسٹنٹ ڈائریکٹراین اے ایچ ای ہائر ایجوکیشن کمیشن اس ورکشاپ کے نگران جبکہ انجینئر ڈاکٹر اقصیٰ شبیرایسوسی ایٹ پروفیسر لاہور کالج ویمن یونیورسٹی ریسورس پرسن ہیں۔

متعلقہ عنوان :