یونیورسٹی آف سرگودھا میں ''فوڈ سائنس: پروفیشنل اسکل ڈویلپمنٹ'' کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

منگل 3 دسمبر 2024 18:26

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ نیوٹریشن اور ایلومینائی آفس کے اشتراک سے ایلومینائی گیسٹ لیکچر سیریز کے تحت سیمینار بعنوان ''فوڈ سائنس: پروفیشنل اسکل ڈویلپمنٹ'' کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے سابق طلباء جن میں نجی کمپنی کے کنٹری منیجر اویس علی، نجی کمپنی کے بزنس یونٹ کے سپلائی چین اینڈ کمرشلائزیشن منیجر مظہر الحق اعوان اور فوڈ سیفٹی آفیسر سرگودھا صائمہ اکرم نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ نیوٹریشن پروفیسر ڈاکٹر انجم مرتضیٰ اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔

پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سائنسز کے طلباء کو اپنی پروفیشنل اسکلز پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھا سکیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر انجم مرتضیٰ نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا اپنے طلباء کو جدید علوم و مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس طرح کے سیمینارز طلباء کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں۔

اویس علی نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ انڈسٹری میں کامیابی کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی معیار پر عمل درآمد ضروری ہے۔ مظہر الحق اعوان نے اپنے خطاب میں فوڈ سپلائی چین اور اس کی کمرشلائزیشن پر روشنی ڈالی اور طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کو تیار کریں۔ صائمہ اکرم نے فوڈ سیفٹی کے اصولوں اور ان کے عملی اطلاق پر تفصیلی گفتگو کی۔