یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام دو روزہ کتب میلہ کا انعقاد

جمعرات 5 دسمبر 2024 17:11

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2024ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں وزیر آغا لائبریری کے زیر اہتمام دو روزہ کتب میلہ کا انعقاد کیا گیا ،جس میں ملک بھر کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے پبلشرز نے اپنے سٹالز لگائے۔ میلے میں ہزاروں کتابیں پیش کی گئیں، جن میں ثقافت، سیاست، تعلیم، نفسیات، انتظامیات، سائنس، ٹیکنالوجی، ادب، تاریخ، فلسفہ، مذہب، معاشیات، فنون لطیفہ، طب، انجینئرنگ، ماحولیات، بین الاقوامی تعلقات، قانون، کمپیوٹر سائنس اور دیگر موضوعات شامل تھے۔

کتب میلہ کا مقصد طلبہ کو کتابوں کی طرف متوجہ کرنا، علمی و تحقیقی کلچر کو فروغ دینا اور طلبہ و اساتذہ کو علم کے نئے ذرائع تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ یہ میلہ نہ صرف کتابوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے بلکہ طلبہ کو مطالعے کی طرف مائل کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم بھی ہے۔

(جاری ہے)

کتب میلے کا افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا۔

ان کے ہمراہ ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین، چیف لائبریرین ڈاکٹر آصف نوید، مختلف تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے صدور بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ کتب بینی کا شوق پیدا کرنا تعلیمی ترقی کے لیے ضروری ہے۔

یہ کتب میلہ طلبہ کو علم کے خزانے تک رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں تحقیق و جستجو کی ترغیب دیتا ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ کتابیں انسانی ذہن کو وسیع کرتی ہیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا ہمیشہ علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ میں پیش پیش رہی ہے۔ کتب میلوں کا مقصد طلبہ کو کتابوں کے مطالعے کی جانب راغب کرنا اور ان کے علمی، تحقیقی اور اخلاقی پہلوؤں کو مضبوط کرنا ہے۔

ڈاکٹر آصف نوید نے کہا کہ یہ کتب میلہ وزیر آغا لائبریری کی جانب سے علم اور ادب کے فروغ کے لیے کی جانے والی ایک اہم کاوش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل دور کے باوجود کتابوں کی اہمیت کبھی کم نہیں ہو سکتی،کتابیں نہ صرف ہماری تہذیب کا حصہ ہیں بلکہ یہ تخلیقی سوچ کو پروان چڑھانے اور شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں،ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اس جانب راغب کرنے کے لیے مزید ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مطالعے کو اپنا معمول بنائیں اور علم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھیں۔