نوابزادہ جمال رئیسانی نے " تعلیمی معاونت پروگرام" کا آغاز کر دیا

جمعرات 5 دسمبر 2024 19:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے بلوچستان سے ایم این اے نوابزادہ جمال رئیسانی نے تعلیم کے فروغ کے لیے " تعلیمی معاونت پروگرام" کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد مقامی طلبہ کی مدد کرنا ہے جو کالج اور یونیورسٹی کی زیر التواء فیسوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک ٹویٹ میں ایم این اے نوابزادہ جمال خان رئیسانی کا کہنا تھا کہ "بلوچستان پڑھے گا، بلوچستان آگے بڑھے گا" کے نعرے کے ساتھ، اس منصوبے کا مقصد تعلیمی راہ میں حائل مالی رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستحق طلبہ کو این اے-264 کا رہائشی ہونا ضروری ہے اور انہیں مطلوبہ دستاویزات، جن میں زیر التواء فیسوں کا ثبوت، شناختی کارڈ یا ب فارم، طالبعلم کارڈ، اور ادارے کی تصدیقی خط شامل ہیں، جمع کروانے ہوں گے۔