پی ٹی اے اور این سی ای آر ٹی کے مابین سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 5 دسمبر 2024 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2024ء)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) اور نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (این سی ای آر ٹی) کی جانب سے سائبر سیکیورٹی میں تعاون کے فروغ اور پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے تحفظ کے پیش نظر مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں دونوں اداروں نے سائبر خطرات اور ان سے متعلقہ چیلنجز کے تناظر میں قومی سطح پر ان سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اس معاہدے کے تحت سائبر سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور پاکستان کے ڈیجیٹل نظام کو محفوظ اور قابل اعتماد بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کا تعین کیا گیا ہے۔پی ٹی اے کے چیئرمین نے ڈیجیٹل مواصلاتی نظام اور قومی آئی ٹی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے ضمن میں سائبر سیکیورٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تعاون کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا۔ این سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حیدر عباس نے بڑھتے ہوئے سائبر خطرات کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کی اہمیت پر روشنی ڈالی جس سے اہم شعبے خطرات کا شکار ہو سکتے ہیں۔یہ شراکت پاکستان کی سائبر سیکیورٹی کے تحفظ اور متعلقہ تمام فریقین کو ایک محفوظ اور مربوط ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔