وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف لائیو سٹاک کارڈ کا اجراء بہت حوصلہ افزا اور خوش آئند قدم ہے، رکن قومی اسمبلی انجینئر قمر الاسلام

ہفتہ 7 دسمبر 2024 19:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2024ء) رکن قومی اسمبلی انجینئر قمر الاسلام نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف لائیو سٹاک کارڈ کا اجراء بہت حوصلہ افزا اور خوش آئند قدم ہے، سکیم کے تحت حکومت پنجاب مویشی پال افراد کے لیے بالا سود قرضہ جات دے رہی ہے، انہوں نے راولپنڈی میں گزشتہ روز کسانوں میں لائیو سٹاک کارڈ تقسیم کیے ۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ آف لائیو سٹاک ڈویژن راولپنڈی میں لائیو سٹاک کارڈ کی تقسیم کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی انجینئر قمر الاسلام تھے ، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نزارت علی شاہ اور ایڈیشنل کمشنر جنرل ڈاکٹر حسن طارق اور ڈائیریکٹر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر نوید سحر زیدی بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

تقریب میں انجینئر قمر الاسلام نے کسانوں میں لائیو سٹاک کارڈز تقسیم کیے ، اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف لائیو سٹاک کارڈ کا اجراء بہت حوصلہ افزا اور خوش آئند قدم ہے، اس سکیم کے تحت حکومت پنجاب کسان بھائیوں کو بلا سود قرضہ جات دے رہی ہے جس سے وہ جانوروں کی خوراک اور نمکیاتی آمیزہ خرید سکیں گے، راولپنڈی ڈویژن میں پہلے مرحلے میں تقریباً 1400 کارڈ تقسیم کے جائیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پراجیکٹ سی ایم پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے توسط سے فی جانور 27000 روپے تک کا قرضہ بلا سود دیا جائے گا جس سے وہ محکمہ لائیو سٹاک کے رجسٹرڈ مرچنٹ سے جانوروں کی خوراک مثلاً ونڈا ، سائیلیج اور نمکیاتی آمیزہ خرید کر اپنے جانوروں کو فربہ کروا سکتے ہیں ، کسان قرضہ کی واپسی بلا سود 4 ماہ کے دورانیہ میں کرنے کے پابند ہوں گے ، اس حوالے سے بینک آف پنجاب کا عملہ موقع پر تصدیق کر کے کارڈ جاری کرتا ہے۔