تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں، انجینئر قمر الاسلام راجہ

اتوار 8 دسمبر 2024 18:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2024ء) رکن قومی اسمبلی و چیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی راولپنڈی انجینئر قمر الاسلام راجہ نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیحات ہیں، حکومت آئوٹ آف سکول بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کا ملک میں فروغ تعلیم اور معیار تعلیم بلند کرنے میں کردار قابل ستائش ہے ، نجی تعلیمی ادارے ملکی ترقی میں علم کے فروغ اور معیار تعلیم بلند کرنے کے لیے اپنا مثالی کردار ادا کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے آؤٹ آف سکول بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے کردار ادا کریں، نجی سکولوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن راولپنڈی امان اللہ خان نے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے مسائل بلا تاخیر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اپیسکا لیڈر شپ رجسٹریشن بارے آگاہی کے لیے سہولت سنٹر قائم کرے تاکہ غیر رجسٹرڈ سکولوں کو رجسٹرڈ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کو آن لائن کروانا اپیسکا کا شاندار کارنامہ ہے ، تنظیم کی نجی تعلیمی اداروں کے لئے خدمات سن کر خوشی ہوئی، اپیسکا کے قائدین نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے اپیسکا کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی بارے مہمانوں کو آگاہ کیا ، اس موقع پر مسلم لیگ ن راولپنڈی ڈویژ ن انفارمیشن سیکرٹری قیس قیوم ملک، جنرل سیکرٹری پی پی 10 نازیہ الیاس کیانی ، آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر راجہ آفتاب و دیگر بھی موجود تھے ۔