کویت نے ای ویزہ سروس عارضی طور پر روک دی

خلیجی ملک نے کویت سٹی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر سیاحتی ویزے کی پیشکش کردی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 دسمبر 2024 16:29

کویت نے ای ویزہ سروس عارضی طور پر روک دی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2024ء ) خلیجی ملک کویت نے ای ویزہ سروس کو عارضی طور پر روک دیا، 53 ممالک کے لیے ویزہ آن ارائیول کی پیشکش کردی۔ گلف نیوز کے مطابق کویت نے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنانے کے مقصد سے اس کو اپ گریڈ کرنے کے لیے اپنے وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے ای ویزہ سسٹم کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ وقفہ 53 ممالک کے شہریوں کو متاثر کرتا ہے جو پہلے سفری ویزہ حاصل کرنے کے لیے آن لائن سسٹم پر انحصار کرتے تھے، تاہم بلاتعطل رسائی کو یقینی بنانے کے لیے خلیجی ملک اپنے کویت سٹی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر سیاحتی ویزے کی پیشکش کر رہا ہے۔

کویتی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یہ معطلی ای ویزہ پلیٹ فارم کو بہتر بنانے اور صارف کو بہتر تجربہ فراہم کرنے کے جدید اقدام کا حصہ ہے، اگرچہ سروس کو بحال کرنے کے لیے کوئی ٹائم لائن نہیں دی گئی ہے، تاہم حکام نے اس مدت کے دوران مسافروں کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے متبادل اقدامات کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ 53 اہل ممالک کے مسافر کویت میں اترنے پر سیاحتی ویزہ حاصل کر سکتے ہیں، اس کیلئے کم از کم چھ ماہ کے لیے کارامد پاسپورٹ، ایک تصدیق شدہ واپسی یا آگے کی پرواز کا ٹکٹ، ویزہ فیس 3 کویتی دینار (KWD) اور کویت میں رہائشی پتے کی تفصیلات درکار ہوں گی، کویت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امیگریشن چیک پوائنٹس پر درخواستوں پر کارروائی کی جارہی ہے جہاں سیاحوں کو اپنے قیام کی مدت کے لیے اپنا پتا رجسٹر کرنا ہوگا۔

معلوم ہوا ہے کہ ویزہ آن ارائیول پروگرام کے لیے اہل ممالک میں اندورا، آسٹریلیا، آسٹریا، بیلجیم، بھوٹان، برونائی، بلغاریہ، کمبوڈیا، کینیڈا، کروشیا، قبرص، جمہوریہ چیک، ڈنمارک، ایسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، جارجیا، جرمنی ، یونان، ہانگ کانگ، ہنگری، آئس لینڈ، آئرلینڈ، اٹلی، جاپان، لاؤس، لٹویا، لیچٹنسٹائن، لتھوانیا، لکسمبرگ، ملائیشیا، مالٹا، موناکو، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، سان مارینو، سربیا، سنگاپور، سلوواکیہ، سلووینیا، جنوبی کوریا، سپین، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، ترکی، برطانیہ، امریکہ اور ویٹیکن شامل ہیں۔

کویتی حکام نے کہا ہے کہ ایسے مسافر جو آمد پر ویزہ کی سہولت استعمال نہیں کرسکتے، ان کے لیے کویت کئی متبادل پیش کرتا ہے، جن میں کویت کے رہائشی کے ذریعے سپانسر کردہ وزٹ ویزہ بھی شامل ہے جس کے لیے مقامی فرد یا ادارے کی طرف سے کفالت کی ضرورت ہے، اسی طرح جی سی سی رہائشیوں کا ویزہ بھی مخصوص پیشوں اور کاروباری ویزہ کے ساتھ خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے رہائشیوں کے لیے دستیاب ہے، اس کے لیے کام سے متعلق سفر کے ثبوت کی ضرورت ہوتی ہے، جیسے کہ دعوت نامہ اور معاون دستاویزات شامل ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ یہ عارضی معطلی بین الاقوامی سیاحوں کے لیے اپنی ڈیجیٹل خدمات کو بڑھانے کے لیے کویت کے عزم کو نمایاں کرتی ہے، جب تک اپ گریڈ کا عمل جاری ہے تب تک مسافروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ ای ویزہ پلیٹ فارم سے متعلق کسی بھی پیشرفت کے بارے میں باخبر رہیں، ابھی کے لیے کویت اپنے ہموار ویزہ آن ارائیول سسٹم کے ذریعے سیاحوں کا خیرمقدم جاری رکھے ہوئے ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ ملک سب کے لیے قابل رسائی ہے۔