اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام مسیحی بھائیوں سے اظہار یکجہتی ،کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب

پیر 23 دسمبر 2024 16:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2024ء) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے زیر اہتمام مسیحی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سیکرٹری تعلیمی بورڈڈاکٹرحبیب الرحمن تھے جبکہ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے زیراہتمام منعقد ہو نے والی مذکورہ تقریب میں کنٹرولر امتحانات،ڈپٹی سیکرٹری جنرل رجسٹریشن برانچ، پی ایس ٹو چیئرمین،پی آر اوسید ساجد حسین نقوی اور دیگرعہدیداران کے علاوہ مسیحی برادری کے بورڈ اہلکاران ودیگر بورڈ ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پرسیکرٹری بورڈ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنے دست و بازو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جب بھی انہیں چیک کیا تو انہیں اپنے فرائض میں مگن پایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان کی دعاہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں کرسمس کی خوشیاں مبارک کرے۔ ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ مسیحی برادری ہمارا آئینہ ہے جس طرح ہم اپنے چہرے کو صاف ستھرا رکھنے کی کوشش کرتے ہیں بالکل اسی طرح یہ بھائی بھی ہمارے دفتر کو صاف و شفا ف رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہیں لہٰذا اگروہ یوں کہیں کہ مسیحی برادری کی بدولت ہی ہمیں بہت سی سہولیات دستیاب ہیں ا تو یہ ہرگز بے جا نہ ہو گا۔

اس موقع پرامتیاز سندھو نے کہا کہ یسوع مسیحؑ نے ہمیشہ محبت و اخوت اور رواداری کا سبق دیا۔ تقریب کے شرکانے بھی اس موقع پر مسیحی برادری کو ”کرسمس“ کی مبارکباد دی۔ آخر میں بورڈ حکام اورایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ”کرسمس کیک“ کاٹا جبکہ اس موقع پر فضا تالیوں کی آواز سے گونج اٹھی۔