یو ای ٹی میں تقریبِ تقسیمِ ترجمہ قرآن کا انعقاد

پیر 23 دسمبر 2024 23:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2024ء) ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی نو منتخب باڈی کے زیر انتظام تقریبِ تقسیمِ ترجمہ قرآن کا انعقاد کیا گیا،جس کی صدارت پرو وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر حیات نے کی۔اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی،معروف اسلامی سکالر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے قرآن اور اس کے ترجمہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ قرآن کا ترجمہ سیکھنا اللہ تعالی کے پیغام کو بہتر طور پر سمجھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

انہوں نے یو ای ٹی کے اساتذہ میں ترجمہ قرآن کی کاپیاں تقسیم کیں جو کہ قرآن کے علم کو سب تک پہنچانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔پرو وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر حیات نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قرآن کا ترجمہ سیکھنا ایک عظیم صدقہ جاریہ ہے، قرآن ایک بڑا معجزہ ہے اور ہمیں اس کی قدر و منزلت اپنے دلوں میں بڑھانے کی ضرورت ہے، قرآن پڑھ کر اور اس کا ترجمہ سیکھ کر ہم اپنے بچوں اور معاشرے کی بہترین طریقے سے اصلاح کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں تمام ڈینز، ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر تنویر قاسم نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر تنویر قاسم نے ترجمہ قرآن کی اہمیت پر بات کی اور اس نیک کام کے لیے ڈونر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد ناصر کاخصوصی شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر تنویر قاسم کا کہنا تھا کہ یہ تقریب یو ای ٹی لاہور کی روحانی اور علمی ترقی کے لیے ایک اہم قدم ہے،جو اسلامی تعلیمات کو مزید سمجھنے اور پھیلانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

متعلقہ عنوان :