راولپنڈی بورڈ نے انٹر میڈیٹ سیکنڈ اینول امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا ، کامیابی کا تناسب 30.91 فیصد رہا

جمعہ 27 دسمبر 2024 13:32

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2024ء) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے انٹر میڈیٹ سیکنڈ اینول امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کا اعلان جمعہ کو کانفرنس روم میں صبح 10بجے کیا گیا جس میں کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ، راولپنڈی تنویر اصغر اعوان،سیکرٹری بورڈ پروفیسرمحمد فہمید، اور بورڈ افسران نے شرکت کی۔

کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول2024 میں 20295اُمیدواران نے داخلہ بھجوایا۔20054اُمیدواران شاملِ امتحان ہوئے۔6199اُمیدواران مذکورہ امتحان میں کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 30.91رہا۔ 13812اُمیدواران فیل ہوئے۔ 236اُمیدواران غیر حاضر رہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ، راولپنڈی تنویر اصغر اعوان نے کہا کہ چیئرمین تعلیمی بورڈ، راولپنڈی محمد عدنان خان کی سربراہی میں میٹرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر نتائج تیار کئے گئے اور بروقت اس کی اشاعت ممکن ہوئی۔

چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کی کاوشیں، شب روز محنت اور لیڈرشپ کی بدولت ایرر فری نتائج بروقت شائع کرنے میں کامیاب رہے۔ تمام افسران و ملازمین مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی دفتری امور میں دلچسپی اور محنت سے نتائج کی تیاری بروقت ممکن ہوسکی۔ میں اُمید کرتا ہوں کہ تمام افسران وملازمین اپنی ڈیوٹی اسی انداز میں ادا کریں گے۔ ادارے کی نیک نامی اور کامیابی کیلئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی چاہیے جو ہم سب کی ذمہ داری ہے۔