بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کا امتحان انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول 2024 کے نتائج کا اعلان

جمعہ 27 دسمبر 2024 13:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2024ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے امتحان انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا، 6199 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 30.91 رہا۔ ترجمان راولپنڈی بورڈ کے مطابق نتائج کا اعلان کانفرنس روم میں کیا گیا جس میں کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ راولپنڈی تنویر اصغر اعوان، سیکرٹری بورڈ پروفیسر محمد فہمید اور بورڈ افسران نے شرکت کی۔

کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول 2024 میں 20ہزار295 امیدواروں نے داخلہ بھجوایا اور 20054 امیدوارامتحان میں شامل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ 6199 امیدواران مذکورہ امتحان میں کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 30.91 رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 13ہزار812 امیدوارکامیاب نہ سکے اور 236 امیدوارغیر حاضر رہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے کہا کہ چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان کی سربراہی میں میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر نتائج تیار کئے گئے اور بروقت اس کی اشاعت ممکن ہوئی۔چیئرمین تعلیمی بورڈ کی کاوشیں، شب و روز محنت اور لیڈرشپ کی بدولت غلطیوں سے پاک نتائج بروقت شائع کرنے میں کامیاب رہے، تمام افسران و ملازمین مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی دفتری امور میں دلچسپی اور محنت سے نتائج کی تیاری بروقت ممکن ہو سکی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام افسران و ملازمین اپنے فرائض اسی انداز میں ادا کریں گے، ادارے کی نیک نامی اور کامیابی کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی چاہیے جو کہ ہم سب کی ذمہ داری بھی ہے۔